’خبردار! یہ کام ہرگز نہ کرنا ورنہ۔۔۔‘ افغان طالبان نے کھل کر بھارت کو وارننگ جاری کردی، بھارتیوں کی نیندیں اُڑادیں
کابل (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اور چین کے خلاف کھل کر سازشیں کرنے کے لئے افغانستان پر اثر انداز ہونے کی کوشش میں بھارت اسے جنگی ہیلی کاپٹر اور دیگر مہلک ہتھیار دھڑا دھڑ فراہم کررہا تھا، لیکن اب طالبان کی جانب سے اسے ایک ایسی دھمکی مل گئی ہے کہ دوبارہ افغانستان کی جانب دیکھنے سے پہلے اسے بار بار سوچنا پڑے گا۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق افغان طالبان نے بھارت کو خبردار کردیا ہے کہ یہ افغان حکومت کو مہلک ہتھیاروں کی ترسیل بند کردے کیونکہ یہ جنگ سے تباہ حال ملک کے لئے دشمنی کے مترادف ہے اور بھارت کو اس کام کا برا انجام دیکھنا پڑے گا۔ بھارت کے افغانستان کے ساتھ تیزی سے بڑھتے ہوئے روابط پر یہ طالبان کا پہلا باقاعدہ ردعمل قرار دیا جارہا ہے۔
برطانوی فوج کا واحد عہدہ جس پر فائز فوجیوں کو داڑھی رکھنے کی اجازت ہے، ایسا کیوں ہے؟ وجہ بھی انتہائی انوکھی اور دلچسپ
طالبان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہاگیا ہے کہ بھارت کے دئیے ہوئے جہاز اور دیگر اسلحہ افغان عوام کی تباہی کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ بھارت نے حال ہی میں افغانستان کو چار روسی ساختہ MI-25 ہیلی کاپٹر دئیے ہیں جبکہ اس کی جانب سے ہر سال سینکڑوں افغان فوجیوں کو تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
بھارت پہلے ہی افغانستان کو اسلحہ و گولہ بارود فراہم کررہا ہے جبکہ امریکہ کی جانب سے ایک حالیہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارت کو افغانستان کی مدد میں اور آگے بڑھنا چاہیے۔ بھارت افغانستان پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کے لئے گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران اسے اقتصادی مدد کے نام پر دو ارب ڈالر (تقریباً دو کھرب پاکستانی روپے )سے زائد رقم دے چکا ہے جبکہ جنگی ہیلی کاپٹروں سمیت ہر طرح کے ہتھیاروں کی فراہمی بھی مسلسل جاری رہی ہے۔