32 ارب ڈالر غریبوں میں بانٹنے کے اعلان پر کام شروع، پرنس ولید نے عالیشان منصوبے کا آغاز کردیا
جدہ (نیوز ڈیسک) چند روز قبل سعودی عرب پتی پرنس ولید بن طلال نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی تمام تر دولت عطیہ کردیں گے۔ اب اس سلسلے میں انہوں نے عملی اقدامات کرتے ہوئے اعلان کے مطابق سعودی عرب سے اس کا آغاز کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اپنے ملک کا شکریہ ادا کرنے کیلئے ضرورت مند سعودیوں میں 10 ہزار گھر اور 10 ہزار کاریں تقسیم کی جائیں گی۔ الولید فاؤنڈیشن کے مطابق گھر کا مالک بننا اب سعودی شہریوں کیلئے خواب بنتا جارہا ہے اور یہ گھر ایسے خاندانوں کو ہی مہیا کئے جائیں گے جو خود سے انہیں خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ اسی طرح گاڑیاں بھی ان خاندانوں کو فراہم کی جائیں گی جن کے پاس کوئی سفری سہولت میسر نہیں۔ گھر ان لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے جو سعودی ہاؤسنگ منسٹری کی سکیم کے تحت گھر کیلئے کوالیفائی نہیں کرتے۔ پرنس ولید کا کہنا ہے کہ میرے پاس اللہ کا دیا تحفہ ہے۔ میں اس ملک میں پیدا ہوا اور بڑا ہوا۔ میں جو بھی کروں اس میں اللہ کی رضا درکار ہے اور میں اس کا شکر گزارہوں۔