امریکہ کے اعلان کے بعد اقوام متحدہ کا ردعمل بھی سامنے آ گیا

بین الاقوامی

نیویارک (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارلحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کر دیاہے جس پر اقوام متحدہ کا رد عمل سامنے آ گیاہے ان کا کہناتھا کہ بیت المقدس کے مستقبل کا فیصلہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے ۔
اقوام متحدہ کے امن ایلچی برائے مشرق وسطیٰ نیکولے میلادینوف نے متنازع شہر کے بارے میں کسی بھی اقدام کے سنگین مضمرات سے آگاہ کیا ہے۔مسٹر نیکولے نے ایک بیان میں کہا کہ ” اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اس موضوع پر بہت مرتبہ بیانات جاری کر چکے ہیں اور وہ یہ کہہ چکے ہیں کہ ہمیں اپنے اقدامات کے مضمرات کے بارے میں بہت محتاط رہنا ہوگا۔انھوں نے کہا کہ ” یروشیلم کے مستقبل کا فیصلہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان براہ راست مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے۔وہ آپس میں مل بیٹھیں اور تصفیہ طلب مسائل کے بارے میں کوئی فیصلہ کریں“۔