شمالی کوریا کے خلا میں راکٹ چھوڑنے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

شمالی کوریا کے خلا میں راکٹ چھوڑنے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب
شمالی کوریا کے خلا میں راکٹ چھوڑنے پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شمالی کوریا کی جانب سے خلا میں راکٹ چھوڑنے پر امریکہ ، جاپان اور جنوبی کوریا کی درخواست پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔
امریکی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے خلا میں راکٹ چھوڑنے پر 15 رکنی سلامتی کونسل کا ان کیمرا اجلاس بلایا گیا ہے ۔ سلامتی کونسل کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ امریکہ ، جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کی جانب سے لانگ رینج راکٹ خلا میں چھوڑنے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ۔ شمالی کوریا کی جانب سے چھوڑا گیا سیٹلائٹ والا راکٹ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے برخلاف بیلسٹک ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔پچھلے ماہ نیوکلیئر ٹیسٹ کے بعد امریکہ اور چین‘ اقوام متحدہ کی طرف سے شمالی کوریا پر مزید پابندیوں کے بارے میں مذاکرات کررہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے ایٹمی دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے شمالی کوریا کو اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کیلئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے بیلسٹک میزائل سے لیس راکٹ خلا میں چھوڑنا انتہائی غلط اقدام ہے اور یہ اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی ہے۔