سعودی وزارت صحت کا عازمین حج و عمرہ کیلئے سخت پابندیوں کا اعلان
جدہ (محمد اکرم اسد /بیوروچیف) سعودی وزارت صحت نے 1436ھ کے عازمین حج و عمرہ کیلئے سخت پابندیوں کا اعلان کردیا، پاکستانی عازمین حج و عمرہ کو انسداد پولیو سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہونگے جبکہ تمام عازمین کو گردن توڑ بخار کے سرٹیفکیٹ لانے کی لازمی ہدایت کردی گئی ہے وزارت صحت نے امسال حج و عمرہ پر آنے والے تمام مہمان حرم سے کہا ہے کہ وہ گردن توڑ بخار کا ٹیکہ اور دیگر لازمی ویکسین لگواکر ہی سعودی عرب پہنچیں۔ وزارت صحت نے داخلی و خارجی تمام عازمین حج خصوصاً دل، گردے، تنفس، اعصاب، ذیابیطس کے مریضوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی انفلوئنزہ کا ٹیکہ لگوالیں۔ یہی ہدایت ماں بننے والی خواتین، 5برس سے کم عمر بچوں اور حد سے زیادہ موٹے افراد کو دی گئی ہے۔
وزارت صحت نے بوڑھے اور لاعلاج امراض میں مبتلاءافراد سے کہا ہے کہ وہ حج کا پروگرام ملتوی کردیں اور اپنی سلامتی کی خاطر جسمانی اسطاعت کی شرط پوری نہ ہونے کی وجہ سے حج نہ کریں۔ وزارت صحت کے ترجمان خالد المرغلذی نے توجہ دلائی کہ وزارت صحت تمام ممالک میں امراض کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئی ہے۔ اس کام کے لیئے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ملکی و بین الاقوامی صورتحال کا جائزہ لیتی رہتی ہے۔ ترجمان کے مطابق انسداد پولیو خوراک کی پابندی پاکستان سمیت کئی ممالک کے عازمین پر عائد کی گئی ہے۔ ان ممالک سے آنے والوں کو مملکت پہنچنے سے 6 ہفتے پہلے انسداد پولیو کی خوراک نہایت ضروری ہے انہیں مملکت پہنچنے پر انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔