وہ واحد چیز جو پیوٹن، ابوبکر البغدادی اور ڈونلڈ ٹرمپ میں مشترک ہے، دلچسپ جواب جانئے
لندن (نیوز ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے سب سے بڑے دشمن قرار پائے ہیں اور وہ داعش کے خلاف بھرپور جنگ بھی کر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ہیں اور نہ صرف روس کے خلاف ہیں بلکہ مسلمانوں کے لئے بھی کوئی اچھے جذبات نہیں رکھتے۔ بظاہر تو یہ شخصیات الگ الگ سیاروں کی مخلوقات نظر آتی ہیں لیکن ایک بات تینوں میں مشترک ہے، تینوں ہی بین الاقوامی شہرت یافتہ جریدے ’ٹائم‘ کی ’سال کی اہم ترین شخصیت‘ کا اعزاز حاصل کر نے کے لئے نمایاں ترین امیدواروں میں شامل ہیں۔
مزیدجانئے: افغانستان کو پاکستان کی جانب سے مسلط غیر اعلانیہ جنگ کے باعث سنگین صورتحال کا سامنا ہے ،اشرف غنی کاالزام
جریدے ٹائم کی طرف سے ہر سال ’پرسن آف دی ایئر‘ کا ایوارڈ بنی نوع انسان پر سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ یہ شخصیات اچھے اثر کی حامل بھی ہوسکتی ہیں جبکہ بد اور شیطانی اثرات کی حامل بھی ہوسکتی ہیں۔ مثال کے طور پر یہ ایوارڈ گزشتہ سال ایبولا وائرس کے خلاف لڑنے والوں کو بھی دیا گیا، جبکہ اس سے پہلے جرمن ڈکٹیٹر ہٹلر کو بھی دیا جاچکا ہے۔
سال 2015ءکے لئے پرسن آف دی ایئر کا اعلان ہونے کو ہے اور ٹاپ 10 کی فہرست میں داعش کے رہنما ابوبکر البغدادی، روسی صدر ولادی میر پیوٹن اور امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ بھی شامل ہیں۔ شاید یہ ان تین شخصیات میں مشترک پائی جانے والی واحد بات ہے۔ ایوارڈ کا اعلان بدھ کے روز کیا جائے گا۔