مصری ٹی وی اینکر اپنے چہرے پر مار پیٹ کے نشانوں کے ساتھ سامنے آگئی، اپنے شوہر پر الزام لگا دیا، لیکن پھر۔۔۔
قاہرہ(مانیٹرنگ ڈیسک) مصر میں ایک ٹی وی اینکر چہرے پر مارپیٹ کے نشانات لیے کیمرے کے سامنے آ گئی اور اپنے شوہر پر تشدد کرنے کا الزام عائد کر دیا لیکن کچھ ہی دیر بعد اس نے ایسی بات کہہ دی کہ ہر سننے والا دنگ رہ گیا۔ العریبیہ کی رپورٹ کے مطابق منال آغا نامی براڈکاسٹر ایک نجی سیٹلائٹ ٹی وی چینل پر کام کرتی ہے۔ گزشتہ روز جب اس نے اپنے شو کا آغاز کیا تو اس کے چہرے پر تشدد کے نشانات پڑے ہوئے تھے۔ اس نے بتایا کہ وہ گھریلو تشدد کا نشانہ بنی ہے اور اس کے شوہر نے اسے پیٹا ہے۔
منال کا کہنا تھا کہ ”پہلے تو میں نے سوچا کہ آج کا شو نہ کروں لیکن پھر میں نے ریت میں سر نہ چھپانے ا ور حقیقت دنیا کے سامنے لانے کا فیصلہ کیا تاکہ دوسری خواتین جو گھریلو تشدد کا شکار ہیں انہیں اس کے خلاف آواز اٹھانے کا حوصلہ مل سکے۔“ تاہم کچھ ہی دیر بعد منال نے ایک یوٹرن لیا اور کہنے لگی کہ اس کے چہرے پر تشدد کے نشانات دراصل میک اپ کے ذریعے بنائے گئے تھے اور ان کا مقصد گھریلو تشدد کے متعلق لوگوں کو آگہی دینا تھا۔