مسجدِحرام کے اہم مقامات پر ہنگامی انخلا کیلئے ایمرجنسی دروازے لگانے کا فیصلہ
مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک)حرمین شریفین کے نگراں ادارے نے مسجدِحرام کے اہم مقامات پر نمازیوں کے ہنگامی انخلا کیلئے ایمرجنسی دروازے لگانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دروازے لگانے کیلئے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو ہنگامی راستوں کے لیے جگہ کی نشاندہی کر کے وہاں دروازے لگانے کا کام شروع کرے گی۔ مسجد حرام میں ہنگامی انخلا کی سہولت 24گھنٹے میسر رہے گی۔
ہنگامی راستوں کے ذریعے کسی ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کی مسجدحرام کے قریب ہی واقع اجیاد ہسپتال میں منتقلی میں سہولت مہیا ہوگی۔اس کے علاوہ مسجد حرام میں نماز جنازہ کے موقع پر نمازیوں کی آمد و رفت میں آسانی ہوگی اور زیادہ ہجوم بالخصوص جمعہ، عیدین اور حج کے موقع پر مسجد کے ملازمین کو اپنی ذمہ داریوں کی انجام دہی میں بھی سہولت ملے گی۔ ہنگامی اخراج کے دروازوں کی تنصیب کے بعد دوسرے دروزاوں کی مرمت کے کام میں بھی سہولت ہوگی۔
ہنگامی اخراج کے راستے مسجد حرام کے تمام اطراف میں بنائے جائیں گے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مسجد کے اندر موجود افراد کو باہر نکلنے میں مدد فراہم کی جاسکے۔ ہنگامی اخراج کے تمام راستے عمومی داخلی اور خارجی دروازوں سے فاصلے پرہوں گے اور حسب ضرورت انہیں با آسانی کھولا جاسکے گا۔