پاکستان برکس کے ارکان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے، مستقبل میں میزبانی بھی کریں گے: وزیراعظم
اوفا (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم علاقائی تعاون بڑھانے کی اہم تنظیم ہے اور پاکستان برکس کے ارکان کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق برکس سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کامیابی سے جاری ہے اور ہم 2025ءتک پاکستان کو مستحکم مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خطے میں ترقی کا ویژن رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومتوں کیساتھ ساتھ عوام بھی ایک دوسرے سے رابطے میں ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے جس کے ثمرات سے خطے کے دوسرے ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے برکس سربراہ اجلاس کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان مستقبل میں برکس کمیٹیوں کی میزبانی بھی کرے گا۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کا گراف تیزی سے اوپر جا رہا ہے اور خطے میں ترقی کیلئے سڑکوں اور موٹرویز کا جال بچھانا ضروری ہے۔ سارک فوم کے ذریعے جنوبی ایشیاءمیں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ مستقبل میں برکس کمیٹیوں کی میزبانی بھی کریں گے۔