یمن میں نماز جنازہ پر بمباری،160افراد ہلاک، اہم باغی کمانڈر بھی شامل
صنعا(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن میں اتحادی افواج کی نماز جنازہ کے دوران بمباری سے کم از کم 160افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔اتحادی افواج نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں حملہ اس وقت کیا جب لوگوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ کے لئے جمع تھی۔ فضائی بمباری کے بعد ہر طرف دھوئیں کے بادل دکھائی دیئے،نشانہ بننے والی عمارت بھی ملبے کا ڈھیر بن گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں باغیوں کے کئی اہم رہنما بھی شامل ہیں۔ بمباری کے نتیجے میں سیکڑوں افراد زخمی بھی ہوگئے۔ اقوام متحدہ نے 140 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ امریکہ کا کہنا ہے کہ وہ یمن میں ہونےو الے فضائی حملے کا جائزہ لے رہا ہے۔وائٹ ہاﺅس نیشنل سیکورٹی کونسل کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا ہے کہ امریکہ کو اس فضائی حملے سے بہت دھچکا لگا ہےاور سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعاون کا از سر نو جائزہ لے رہے ہیں۔