متحدہ عرب امارات کی نئی کابینہ میں مزید خواتین کی شمولیت
دبئی (اے پی پی) متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ،وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے نئی وفاقی کابینہ میں مزید خواتین وزراء شامل کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد یو اے ای کی کابینہ میں خواتین وزراء کی تعداد ایک تہائی کے لگ بھگ ہوگئی ہے۔یواے ای میں ''مسرت اور رواداری'' کے نام سے نئی وزارتوں کے قلم دان خواتین ہی کو سونپے ہیں۔دنیا بھر میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی وزارتیں ہیں۔نئے وزراء کی شمولیت کے بعد یو اے ای کی وفاقی کابینہ کے ارکان کی تعداد انتیس ہوگئی ہے۔ان میں آٹھ خواتین ہیں۔نئی کابینہ میں وزارتوں کی تعداد کم کردی گئی ہے لیکن قومی ،تزویراتی اور اسی طرح زیادہ اہمیت کے حامل دوسرے محکموں کے وزراء کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔کابینہ میں ان نئی تبدیلیوں کے تحت نوجوانوں کی ایک کونسل کی تشکیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔اس کی چیئرپرسن ایک نوجوان خاتون کو بنایا گیا ہے اور اس کی عمر بائیس سال بھی کم ہے۔اس کونسل میں نوجوان مردوں اور خواتین کو شامل کیا جائے گا اور وہ مشاورتی عہدوں پر کام کریں گے