پاکستان کیلئے مزید بہانے بنانا مشکل ہوگیا، سعودی عرب کا ایسا اعلان کہ اب واضح فیصلہ کرنا پڑے گا
ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی طرف سے مسلم ممالک کے فوجی اتحاد کا اعلان کیا گیا تو پاکستان کی طرف سے عرب خطے کے معاملات میں عسکری شمولیت کی بجائے مصالحتی کردار ادا کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی۔ سعودی عرب کی توجہ بدستور فوجی اتحاد پر ہے اور اب اس ضمن میں ایک اہم قدم اٹھالیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان کو ایک دفعہ پھر مشکل مرحلے کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔
”عرب نیوز“ کے مطابق سعودی عرب نے 34ممالک پر مشتمل عسکری اتحاد کی پہلی میٹنگ اگلے ماہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے پہلے تو یہ اتحاد محض بات چیت کی حد تک محدود تھا، لیکن اب اسے حقیقی شکل دینے کے لئے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اگلے ماہ ہونے والی میٹنگ میں تمام رکن ممالک کو بلایا جائے گا۔
سعودی نائب ولی عہد اور وزیر دفاع پرنس محمد بن سلمان اسلامی ممالک کے عسکری اتحاد کے حوالے سے خصوصی طور پر سرگرم بتائے گئے ہیں۔ اس اتحاد کے قیام کے وقت ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اسلامی ممالک کا تحفظ کرے گا اور صرف داعش کے خلاف ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دہشتگردی کرنے والوں کا قلع قمع کرے گا۔ انہوںنے اس اتحاد کو خصوصی طور پر اسلامی ممالک اور عمومی طور پر دنیا کے امن کے لئے اہم قدم قرار دیا تھا۔