غیر ملکیوں کی رہائی پاک امریکہ تعلقات کا ایک مثبت لمحہ ہے :ڈونلڈ ٹرمپ

بین الاقوامی

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاک فوج کی جانب سے 5غیر ملکیوں کو آپریشن کے ذریعے بازیاب کروانے پر پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہاہے کہ غیر ملکیوں کی رہائی پاک امریکہ تعلقات کا ایک مثبت لمحہ ہے ۔
تفصیلات کے مطابقڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان کا تعاون اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ خطے میں تحفظ فراہم کرنے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی امریکی خواہش کا احترام کررہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ہم دیگر مغویوں کی بازیابی اور مستقبل کے مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے بھی اسی طرح کا تعاون اور ٹیم ورک دیکھنے کے لیے پر امید ہیں۔
واضح رہے کہ پا ک فوج نے 2012ءمیں افغانستان سے اغوا کئے گئے 5غیر ملکیوں کو کرم ایجنسی میں کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بازیاب کرلیا ہے، مغویوں کو گذشتہ روز افغانستان سے پاکستان منتقل کیا گیا تھا ، جس کی بروقت خفیہ اطلاعات امریکی خفیہ اداروں نے پاک فوج کو دیں جس کے بعد فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے ان غیر ملکیوں کو بازیاب کرالیا۔