کیمرون میں خود کش حملہ 14افراد ہلاک ، 40زخمی
یاوندی(ڈیلی پاکستان آن لائن) افریقی ملک کیمرون میں 2خواتین کی جانب سے ایک مصروف بازار میں کئے جانے والے خود کش حملے میں عورتوں اور بچوں سمیت14افراد ہلاک جبکہ 40دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ افریقی دہشت گرد تنظیم بوکو حرام نے حملے کی ذمہ دار ی قبول کر لی ہے۔
الجزیزہ ٹی وی کے مطابق افریقی ملک کیمرون کے شمال مشرقی حصے میں نائجیریا کی سرحد کے قریب وازا نامی شہر کے ایک مصروف بازار میں2خواتین خود کش بمباروں کی جانب سے کئے گئے خودکش حملے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 40 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ کیمرون کے سکیورٹی حکام کے مطابق اس حملے کی ذمہ داری بوکوحرام نے قبول کی ہے۔
مقامی حکام کے مطابق حملہ آورخواتین نے جس علاقے میں خود کو دھماکے سے اڑایا وہاں ہوٹل، ٹیلی فون کیبن اور دیگر دکانیں موجود ہیں۔ دھماکے کے بعد اس شہر کو آنے جانے والے تمام راستے بند کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔