دھمکی آمیز خط پر امریکا میں 900 سکول بند کردئیے گئے لیکن پھر سیکیورٹی اداروں نے خط میں ایک ایسے لفظ کی غلطی پکڑلی کہ سارا ڈرامہ ہی بے نقاب ہوگیا، ایسا کیا لفظ تھا؟ جان کر آپ کو بھی حیرت ہوگی
واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکا میں گزشتہ دنوں خود کو دہشت گرد ظاہر کرکے سینکڑوں سکولوں کو بند کروانے والے نوسر باز کی ای میل میں ایک انتہائی بنیادی نوعیت کی غلطی سے اس کی دھوکے بازی پکڑی گئی۔
جریدے ڈیلی میل کے مطابق نیویارک سکول ڈسٹرکٹ اور لاس اینجلس سکول ڈسٹرکٹ کو بیک وقت ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں کہا گیا تھا ”میں ایک پختہ عقیدے والا مسلمان ہوں، اور کبھی میں تشدد کے خلاف ہوا کرتا تھا، لیکن اب میں نے ایک مقامی جنگجو تنظیم کے ساتھ ناطہ جوڑ لیا ہے تاکہ میں سکول کے ہزاروں بچوں کا قتل کرسکوں۔ نیویارک اور لاس اینجلس میں ہر سکول کو نشانہ بنایا جائے گا۔ ہم نے کچھ سکولوں میں بم پہلے ہی نصب کردئیے ہیں۔ ہم پریشر ککر بموں، مشین گنوں اور عصبی نظام کو نشانہ بنانے والی گیس کے ساتھ حملہ کریں گے۔ میرے ساتھ میرے 138 ساتھی بھی حملے میں شریک ہوں گے۔ تم اس حملے کو روکنے کے لئے کچھ بھی نہیں کرسکتے اور یہ حملہ قومی بلکہ بین الاقوامی میڈیا پر تہلکہ برپا کردے گا۔“
مزید جانئے: پہلا برطانوی خلا باز بین الاقوامی خلائی سٹیشن پہنچ گیا
یہ ای میل موصول ہونے پر لاس اینجلس سکول ڈسٹرکٹ کے سپرنٹنڈنٹ نے فوری طور پر تمام سکولوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا اور تقریباً ساڑھے 6 لاکھ بچوں کو بتایا گیا کہ وہ گھروں پر ہی رہیں۔ دوسری جانب نیویارک سکول ڈسٹرکٹ نے ای میل کے بارے میں کچھ شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور اس کے تجزئیے کے لئے انٹیلی جنس ایجنسیوں سے رابطہ کرلیا۔
ماہرین نے ای میل کا بغور جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ یہ کسی نوسر باز کی طرف سے بھیجی گئی تھی جو خود کو مسلمان ظاہر کررہا تھا۔ انٹیلی جنس ماہرین کا کہنا تھا کہ اس شخص نے اپنی ای میل میں لفظ اللہ کو A کی بجائے a کے ساتھ لکھا تھا، جس سے شک پڑا کہ یہ شخص دھوکا باز ہے اور خود کو مسلمان ظاہر کرنے کا ڈرامہ کررہا ہے۔ ای میل میں بیان کئے گئے دہشتگردی کے پلاٹ پر مزید غور کرکے یہ بھی پتا چلالیا گیا کہ اس کی بنیاد مشہور ٹی وی سیریز ”ہوم لینڈ“ کی ایک حالیہ قسط پر رکھی گئی تھی جس میں اسی نوعیت کے دہشتگردی حملے کی دھمکی دی گئی تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ای میل بھیجنے والا ٹی وی ڈراموں سے متاثرہ کوئی شخص ہے جو خود کو دہشتگرد ظاہر کررہا ہے۔ لاس اینجلس ڈسٹرکٹ میں 900 سکولوں کو بند کئے جانے کے تقریباً 6 گھنٹے بعد ہاﺅس انٹیلی جنس کمیٹی کی طرف سے ای میل کو جعلی قرار دے کر رد کردیا گیا۔