دبئی حکومت کا رمضان کے احترام میں غیرملکی قیدی رہا کرنے کا اعلان
دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی میں مختلف جرائم میں قید پاکستانیوں کے لیے خوشخبری ہے کہ دبئی حکام نے غیرملکی قیدیوں کو رہا کرنے اور انہیں ان کے ممالک میں واپس بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایسے قیدی جنہیں قید کی سزا پوری ہونے کے بعد ڈی پورٹ کیا جانا تھا۔ دبئی حکام نے غیرملکیوں کی قید کی سزا معاف کرنے کا فیصلہ ماہ رمضان کے احترام میں کیا ہے تاکہ قیدی اپنے خاندانوں کے ساتھ مل کر روزے رکھ سکیں اور عید الفطر منا سکیں۔عجمان، ام القوین اور راس الخمیرہ کے حکام نے پولیس کو غیر ملکی قیدیوں کے رہائی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔ شیخ سعود کے حکم کے مطابق قیدیوں کے ذمہ واجب الادا قرض بھی دبئی حکومت ادا کرے گی۔رکن سپریم کونسل اور عجمان کے حاکم شیخ حمید بن رشید النعیمی کی طرف سے 119قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ عجمان کے پولیس کمانڈر بریگیڈیئر علی عبداللہ العوان نے کہا ہے کہ حکومت کے اس اعلان سے قیدیوں کو جیل کے تلخ تجربے سے سبق سیکھتے ہوئے نئے سرے سے زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔ واضح رہے کہ دبئی حکام کی طرف سے غیرملکی قیدیوں کے علاوہ جیل میں بہتر روئیے کا مظاہرہ کرنے والے مقامی قیدیوں کو بھی رہا کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔