ملایئشین طیارہ گمشدگی، پائلٹ کے آخری الفاظ نے تحقیقات کا رخ موڑ دیا

ملایئشین طیارہ گمشدگی، پائلٹ کے آخری الفاظ نے تحقیقات کا رخ موڑ دیا
ملایئشین طیارہ گمشدگی، پائلٹ کے آخری الفاظ نے تحقیقات کا رخ موڑ دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کوالا لمپور (مانیٹرنگ ڈیسک) ملائیشین ایئرلائنز کے لاپتہ طیارے کا معاملہ دن بدن پیچیدہ شکل اختیار کرتا جارہا ہے اور ابھی تک تحقیقات کے نتیجے میں کوئی حتمی بات سامنے نہیں آسکی، تازہ اطلاعات کے مطابق تحقیقاتی ٹیمیں اب معاون پائلٹ کی جانب سے کنٹرول ٹاور کو مخاطب کرکے بولے جانے والے آخری الفاظ پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق معاون پائلٹ فارق عبدالحمید نے رات ایک بج کر انیس منٹ پر پیغام دیا تھا ’آل رائٹ‘اور ’گڈ نائٹ‘ لیکن طے شدہ طریقہ کار کے مطابق ان الفاظ کا استعمال نہیں کیا جاتا۔ عام طور پر پائلٹ کی جانب سے ”راجر آﺅٹ“ کے الفاظ استعمال کئے جاتے ہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق اس پیغام کے دو مطلب ہوسکتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ یہ پیغام دراصل کسی قسم کی خرابی کا سگنل تھا اور اسی لئے روٹین کے الفاظ استعمال نہیں کئے گئے۔ دوسری صورت یہ ہوسکتی ہے کہ فارق نے طیارے کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہو اور وہ زمین پر موجود افراد کو دھوکا دینے کی کوشش کررہا ہو۔ ذرائع کے مطابق آخری پیغام موصول ہونے سے قبل ہی طیارے کا کمیونیکیشن اور رپورٹنگ کا نظام معطل کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب لاپتہ طیارے کے مسافروں کے رشتہ دار سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ اس حوالے سے انہیں حتمی معلومات فراہم نہیں کی گئیں تو وہ ہڑتال پر چلے جائیں گے۔