’شارٹس پہننے والی خواتین کو مر جانا چاہئے‘،ترک شہری کابھری بس میں نرس پر حملہ،زخمی کردیا
استنبول(نیوزڈیسک)ترکی کی ایک عدالت نے اس شخص کو بری کردیا ہے جس نے بھری بس میں خاتون پر اس لئے حملہ کردیا کیونکہ اس نے ’شارٹس ‘پہن رکھی تھیں۔ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں ایک شخص نے مختصر لباس پہننے پر بھر ی بس میں ایک خاتون پر حملہ کیا اور اس کے چہرے پر گھونسے مارنا شروع کردیئے اور اسے زخمی کردیا۔اس موقع پر آدمی چلاتا بھی رہا کہ ایسی خواتین جو شارٹس پہنتی ہیں انہیں مرجانا چاہئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس بس سٹا پ پر پہنچ گئی اور مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا ۔حملہ آور کا کہنا تھا کہ مذکورہ خاتون کے کپڑے نامناسب تھے جنہیں دیکھ کر مجھے بیحد غصہ آیا اور میں نے اس کو سزا دینے کی ٹھانی۔بعدازاں پولیس نے ملزم کو عدالت پیش کیا جہاں عدالت نے اس شخص کے اس اقدام کو جرم تسلیم نہیں کیااور اسے بری کردیا۔
ڈیلی میل کے مطابق حملے کا شکار ہونے والی خاتون کی شناخت آئیزے گل کے نام سے ہوئی ہے جن کی عمر 23سال جبکہ پیشہ کے لحاظ سے وہ ایک نرس ہیں۔انہیں بچانے کیلئے بس میں سوار دیگر مسافر آگے آئے اور ان کی جان بخشی ہوئی۔