مسعود اظہر کے معاملے پر چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ، اپنے موقف پر قائم ہیں:ترجمان وزارت خارجہ
بیجنگ (آئی این پی )چین جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کے معاملے پر اپنے موقف پر قائم ہے اور اس موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ،اس وقت بھی بعض ارکان اس معاملے پر اتفا ق نہیں کرتے ،مسعود اظہر پر بھارت کا الزام ہے کہ وہ پٹھان کوٹ حملوں کا ماسٹر مائنڈ ہے ۔یہ بات چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے مسعود اظہر کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہی جس کا معاملہ اقوام متحدہ کی 1267کمیٹی میں آئندہ ماہ زیر غور آئے گا ، یہ کمیٹی اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ارکان پر مشتمل ہے ۔ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے اس موقف کا کئی بار اظہار کر چکے ہیں ، ہم معروضیت اور پیشہ وارانہ اصولوں اور انصاف کی سربلندی پر یقین رکھتے ہیں ، چین اس سلسلے میں متعلقہ پارٹیوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون برقراررکھنے کے لئے تیار ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس مسئلے اور ایٹمی کلب کا رکن بننے پربھارت کو ایک بار پھر اپنی شکست نظر آرہی ہے کیونکہ چین کے پاس ویٹو پاور موجود ہے ، یہ کمیٹی تمام ارکان کے اتفاق رائے سے کام کرتی ہے اس لئے چین ایک بار پھر بھارت کیلئے راستے کا سنگ گراں ہے ، بھارت کیلئے ایک بار پھر چین ایک چیلنج ہے خواہ یہ مسعود اظہر کو دہشتگرد قراردینے کا معاملہ ہو یا نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی ) میں شمولیت کا معاملہ چین اس کے لئے بڑی رکاوٹ ہے کیونکہ چین پاکستان کا حامی ہے۔