انڈین شہری شیخ نبی کی اسلام آباد سے گرفتاری نے مودی سرکار کی مشکلات بڑھا دیں ،پاک بھارت کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا:ہندوستانی میڈیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی اور تخریب کاری کے واقعات میں بھارتی خفیہ اداروں کی مداخلت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ،انڈین بحریہ کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادو کی گرفتاری ، فوجی عدالت سے سزائے موت اور مودی سرکار کی چیخ و پکار اس کا واضح ثبوت ہے ،سیکیورٹی اداروں کی اسلام آباد سے ایک اور بھارتی شہری شیخ نبی کی گرفتاری نے بھارتی میڈیا کے ہوش اڑا دیئے ،ابھی کلبھوشن کا معاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا کہ شیخ نبی کی گرفتاری نے مودی سرکار کے لئے نئی مشکل کھڑی کر دی ہے ،بھارتی میڈیا نے واویلا شروع کر دیا ۔
ہندوستانی نجی ٹی وی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے اسلام آباد ایف ایٹ کی معروف مارکیٹ سے ایک بھارتی شہری شیخ نبی کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ اپنے پاس سے پاکستان میں ضروری سفری دستاویزات دکھانے میں ناکام رہا ،بھارتی میڈیا کے مطابق شیخ نبی ممبئی کا رہنا والا ہے اور پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے شیخ نبی کی گرفتاری کے حوالے سے بھارتی سفارت خانے کو آگا ہ نہیں کیا بلکہ ہندوستانی سفارت خانے کو میڈیا کے ذریعے شیخ نبی کی گرفتاری کی اطلاع ملی ۔بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی تعلقات میں کشیدگی چل رہی ہے۔ ہندوستانی بحریہ کے سابق افسر کلبھوشن یادو کی پاکستان میں گرفتاری اور اس کے بعد پھانسی کی سزا دیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کافی کشیدگی ہے، بین الاقوامی عدالت کی طرف سے یادھو کی پھانسی روکنے پر ہندوستان نے سکھ کا سانس لیا ہی تھا ، مگر اس نئی گرفتاری سے پاک بھارت کشیدگی میں مزید اضافہ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔