’تیار رہو کیونکہ کسی بھی وقت۔۔۔‘ چین نے اپنی فوج کو ریڈ الرٹ کردیا، بڑا خطرہ پیدا ہوگیا
بیجنگ (نیوز ڈیسک) شمال مشرقی میانمر میں مسلح جتھوں نے اپنی ہی فوج پر حملہ کردیا ہے جس کے بعد ملک میں صورتحال تشویشناک ہے، اور چین نے حالات کی سنگینی کے پیش نظر اپنی فوج کسی بھی غیر متوقع خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز تین مسلح گروہوں نے سرحدی شہروں میوس اور کوٹکائی میں فوج پر حملہ کیا۔ ان حملوں میں فوجیوں کے ساتھ متعدد عام شہریوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں۔ چینی حکام کا کہنا ہے کہ میانمر میں جاری صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کوئی بھی خطرہ چین کی سرحد پار نہ کر پائے۔
میانمر میں چینی سفارتخانے کی جانب سے بھی فوری جنگ بندی پر زور دیا گیا ہے تاکہ سرحدی علاقوں میں امن وامان بحال ہوسکے۔ جھڑپوں سے متاثر ہونے والے میانمر کے عام شہری پناہ کے لئے بڑی تعداد میں چینی علاقے میں داخل ہو رہے ہیں، جنہیں چینی حکام تحفظ اور امداد فراہم کررہے ہیں۔