دبئی: پاکستانی باشندے کو طالبعلم پر تشدد کرنے پر دو سال قید
دبئی (ویب ڈیسک) مقامی عدالت نے ایک پاکستانی باشندے کو پاکستانی طالبعلم پر تشدد کرنے کے جرم میں دو سال قید کی سزا سنا دی جبکہ مارنے اور مار کھانے والے دونوں افراد کو ڈی پورٹ کرنے کا بھی حکم دیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ سال 19 اپریل کو سپر مارکیٹ کے قریب 46 سالہ پاکستانی اے ڈی نے لڑائی کے دوران 19 سالہ طالبعلم آر ایم کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوکر معذور بھی ہوگیا۔ عوامی شکایات پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو گرفتار کرلیا جبکہ زخمی کو ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ کریمنل کورٹ نے حملے، توہین اور تشدد کے الزام میں اے ڈی کو دو سال قید کی سزا سنائی جبکہ 19 سالہ طالبعلم کو ناشائستہ اقدام کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے 3 ہزار درہم جرمانہ کی سزا سنادی ہے ۔