کویت میں منشیات لیکر آنے والے کبوتر کو تحویل میں لے لیا گیا
کویت سٹی (ڈیلی پاکستان آن لائن )کویت میں کسٹم حکام نے کبوتر کے ذریعے ملک میں منشیات سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ۔
”عرب ٹائمز“ کے مطابق کسٹم اہلکاروںنے عبدالی سرحد پر کسی نامعلوم سمت سے آنے والے کبوتر کو پکڑ لیا جس پر ایک تھیلی میں نشہ آور گولیاں باندھی گئی تھیں ۔ کبوتر کو تحویل میں لیکر تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور پتہ لگانے کی کوشش ہو رہی ہے کہ اسے کس جانب سے بھیجا گیا تھا ۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ انسپکٹروں نے بارڈر کے قریب کنٹینر پر ایک کبوتر کو بیٹھا دیکھا جو اڑنے اور چلنے میں مشکل کا شکار تھا جسے پکڑنے کے بعد پتہ چلا کہ اس کے اوپر ایک بیلٹ کی مدد سے تھیلی باندھی گئی ہے ۔
حکام کے مطابق جب اس تھیلی کو کھولا گیا تو اس میں سے 168نشہ آورگولیاں برآمد ہوئیں جس کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور اس کے مالک کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے ۔