مانچسٹر میں دھماکہ کرنے والے حملہ آور کی شناخت کرلی گئی
مانچسٹر (ڈیلی پاکستان آن لائن) مانچسٹر میں دھماکہ کرنے والے حملہ آور کی شناخت کرلی گئی ہے، برطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ پر دھماکہ کرنے والا مانچسٹر کا رہائشی لیبین نژاد 22 سالہ سلمان رمضان عابدی تھا ۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے حملہ آور سلمان عابدی کے بارے میں برطانوی حکام کی خواہشات کے برعکس معلومات میڈیا کو فراہم کردیں جس کے بعد برطانوی پولیس کو بھی بھاری دل کے ساتھ اس کی تصدیق کرنا پڑی ۔ پولیس کی جانب سے سلمان عابدی کے بھائی اسماعیل عابدی کے گھر پر چھاپہ مارکر اسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
مانچسٹر میں امریکی گلوکارہ کے کنسرٹ کے دوران دھماکہ،22افراد ہلاک،59 زخمی
2011 میں لیبیا میں ہونے والی سورش کے بعد خود کش حملہ آور کا خاندان بھی دیگر لیبیائی خاندانوں کی طرح برطانیہ میں پناہ کیلئے آیا تھا۔ اس کے والد ابو سلمان علاقے کی مسجد میں اذان دیتے اور پانچ وقت نماز ادا کرتے تھے جبکہ سلمان عابدی کے بارے میں بھی کسی کو شبہ نہیں تھا کہ وہ خود کش حملہ کر سکتاہے۔
واضح رہے کہ آج (منگل کو) برطانوی شہر مانچسٹر میں امریکی گلوکارہ آریانا گرینڈی کے کنسرٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے بعد بھگڈر مچ گئی، دھماکے اور بھگدڑ کے باعث کنسرٹ میں شریک 22 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے تھے۔