یہودی بستیوں کے خلاف قراداد کی منظوری،اسرائیلی وزیر اعظم آگ بگولہ ,قرار داد شرمناک عملدرآمد نہیں کریں گے ،نیتن یاہو کی ڈھٹائی ،نیوزی لینڈ اور سنیگال سے اسرائیلی سفیر وں کو واپس بلا لیا
(ڈیلی پاکستان آن لائن)اقوام متحدہ میں سلامتی کونسل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف قرارداد کی منظوری نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کو آگ بگولہ کر دیا ،قرارداد کے محرک ممالک نیوزی لینڈ اور سینگال سے اپنے سفیر وں کو طلب کر لیا ۔
مزید پڑھیں:سلامتی کونسل نےفلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر روکنے کی قرار داد منظور کرلی
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں یہودی بستیوں کے لیے تعمیرات بند کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظور ہونے والی قرارداد پر خاصے برہم ہیں اور انھوں نے قرارداد پیش کرنے والے ممالک سے (نیوزی لینڈ اور سنیگال) سے اپنے سفیروں کو واپس طلب کیا ہے ،نیتن یاہو کی جانب سے اپنے سفیروں کو واپس بلانے کا مقصد قرارداد کی منظوری کے بعد مشاورت بتایا جا رہا ہے ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز سلامتی کونسل کے اجلاس میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے خلاف ہونے والی رائے شماری نیوزی لینڈ ،سنیگال،وینز ویلا ،ملائشیا اور مصر کی جانب سے اقوام متحدہ کے بلائے جانے والے اجلاس میں کی گئی لیکن اس سے قبل اسلامی ملک مصر نے اُس وقت درخواست سے دستبرداری اختیار کر لی تھی جب نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مصری ہم منصب عبد الفتاح السیسی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا ۔قرارد اد کی منظوری کے فوری بعد اسرائیلی وزیر اعظم نے یہودی بستیوں کی تعمیر بند کرنے کے بارے قرارداد کو شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا ملک اس شرمناک اسرائیل مخالف قرارداد کو مسترد کرتا ہے اور اس پر عملدرآمد نہیں کرے گا۔
دوسری طرف وائٹ ہاؤس کے نائب مشیر برائے قومی سلامتی بین روہڈز نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکہ، اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہا ہے لیکن اس (اسرائیل) کی حکومت تواتر سے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں پر آبادکاری سے متعلق واشنگٹن کے تحفظات سے صرف نظر کرتی آرہی ہے۔ہم نے ہر طرح سے کوشش کی لیکن اس کا ایک جیسا ہی نتیجہ نکلا کہ اور یہ کارگر ثابت نہیں ہوئیں۔ادھر فلسطین کے اعلیٰ مصالحتکار صائب عریقات نے سلامتی کونسل کی قرارداد کو سراہتے ہوئے اسے فلسطین کے موقف کے لیے منصفانہ فتح قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے سلامتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے فیصلے پر ثابت قدم رہتے ہوئے کسی منفی خطرے کی پرواہ نہ کرے۔