مسلم لیگ ق پرویز مشرف سے اتحاد کرکے اپنا وقت ضائع کرے گی:قمر زمان کائرہ

مسلم لیگ ق پرویز مشرف سے اتحاد کرکے اپنا وقت ضائع کرے گی:قمر زمان کائرہ
مسلم لیگ ق پرویز مشرف سے اتحاد کرکے اپنا وقت ضائع کرے گی:قمر زمان کائرہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جدہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) جنرل مشرف خود کو فرعون سمجھنے والوں کے لئے عبرت کا سامان ہیں، مشرف کے جوتے سیدھے کرنے والے اب ان کا نام لینا بھی گوارہ نہیں کرتے جبکہ 2013ءمیں متحدہ قومی موومنٹ نے سابق صدر سے وعدہ خلافی کی تھی، ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے یہاں ایک انٹرویو میں کہی۔
 انہوں نے کہا کہ سابق فوجی صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی قیادت میں نئے سیاسی اتحاد کی تشکیل بے وقت کی راگنی ہے، ان کویہ بات سمجھ میں آجانی چاہیے کہ اب ان کی بات کوئی نہیں سنے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست بہت بے رحم کھیل ہے، جس میں عوام وخواص پرویز مشرف جیسے لوگوں سے وقت گزرنے کے بعد صرف بات تک کرنے کے روادار نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ق بھی پرویز مشرف سے اتحاد کرکے اپنا وقت ضائع کرے گی۔ مسلم لیگ فنکشنل کے اس اتحاد میں شمولیت کی اطلاعات پر انہوں نے کہا کہ معلوم ہوتا ہے کہ نئے پیر پگارہ صاحب وزیراعظم نواز شریف سے ناراض ہیں اور انہوں نے اپنی ناراضی کے اظہار کا یہ طریقہ چنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حمایت کرتے کرتے وہ پرویز مشرف کے ساتھ جا ملے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا پرویز مشرف شاید یہ سمجھ رہے ہیں کہ اس طرح وہ اپنے خلاف مقدمات سے آسانی سے نجات حاصل کرلیں گے اور شائد آئندہ انتخابات میں بھی قسمت آزمائی کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی آل پارٹیز مسلم لیگ میں کارکن نام کو بھی نہیں اور وہ تن تنہا سیاسی جلسے کرنے کے بھی متحمل نہیں ہوسکتے اور ایم کیو ایم جس کی انہوں نے اپنے دور حکومت میں بہت مدد کی ان سے بیزاری کا اظہار کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم نے پرویز مشرف کو 11 مئی 2013ءکے عام انتخابات سے پہلے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ان کے مقابلے میں اپنا کوئی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی مگر عین وقت پر ایم کیو ایم اپنے وعدے سے منحرف ہوگئی۔ عوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید جو پرویز مشرف کو سید مشرف کہہ کر پکارتے تھے۔ نئے حالات میں ایک مرتبہ بھی پرویز مشرف سے ملاقات کیلئے نہیں گئے اور عمران خان کے بڑے بڑے جلسوں میں خطاب کرکے خود کو بڑا لیڈر خیال کررہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار بھی پرویز مشرف کے لئے اپنے دل میں ہمدردی رکھتے تھے مگر وہ بھی اب ان کا نام لینے کے لئے بھی تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پرویز مشرف کے نام نہاد ریفرنڈم میں ان کی مم چلائی اور ان کو ملک کا عظیم لیڈر خیال کرتے تھے وہ بھی پرویز مشرف کو بھول کر بھی یاد نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی حالت نہایت رحم طلب ہے اور خود کو فرعون سمجھنے والے سیاستدانوں کیلئے بہت بڑی عبرت کا سامان ہیں۔ ایک سوال میں انہوں نے کہا کہ اگر بلاول بھٹو ہی مستقبل میں پارٹی کی قیادت کے لئے آمادہ نہ ہوئے تو آصفہ بھٹو کو میدان سیاست میں اتارا جائے گا۔