خبردار! کبھی بھی عرب ملک جائیں تو سوشل میڈیا پر یہ ایک عام کام ہرگز نہ کریں، لاکھوں روپے جرمانے کے ساتھ لمبے عرصے کیلئے جیل جانا پڑسکتا ہے
ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل فون اور سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال بدقسمتی سے معمول کی صورت اختیار کرچکا ہے لیکن اگر آپ متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں تو خبردار ہوجائیے کیونکہ یہ غیر ذمہ داری آپ کو جیل پہنچا سکتی ہے۔ نیوز سائٹ ایمریٹس 247 کے مطابق پولیس حکام کی طرف سے واضح کیا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے آئی ٹی قوانین کے مطابق کسی شخص کی تصویر بغیر اجازت سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا سنگین جرم ہے اور اس کی سزا 6ماہ قید اور ڈیڑھ لاکھ سے 5 لاکھ درہم جرمانہ ہوسکتی ہے۔
مزیدجانئے: ’یہ نوٹ دہشت گرد زیادہ استعمال کرتے ہیں اس لئے ختم کرو‘
میجر جنرل محمد الشریف کا کہنا تھا کہ اکثر لوگوں کو معلوم نہیں کہ کسی کی تصویر بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنا قابل سزا جرم ہے۔ دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ اکثر لوگ لاعلمی میں یہ کام کربیٹھتے ہیں یا کچھ لوگ محض تفریح کے لئے دوسروں کی تصاویر بغیر اجازت بنا کر انٹرنیٹ پر پوسٹ کردیتے ہیں، لیکن یہ نہیں جانتے کہ اس کے بدلے انہیں جیل جانا پڑسکتا ہے اور بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑسکتاہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلہ میں آگاہی مہم بھی چلائی جارہی ہے تاکہ لوگ الیکٹرانک آلات اور انٹرنیٹ و سوشل میڈیا کے استعمال میں مکمل احتیاط اور ذمہ داری سے کام لیں۔