بھارتی شہری نے روٹیاں گول نہ بنانے پر بیوی کو قتل کر دیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن ) سفاک بھارتی شہری نے ”گول روٹیاں“ نہ بنانے پراپنی حاملہ بیوی کا گلا گھونٹ دیا ۔
”ایکسپریس ٹریبیون “ کے مطابق دہلی کے علاقے جہانگیر پور ی کے رہائشی شخص نے گول روٹیاں بنانے میں ناکامی پر اپنی 22سالہ حاملہ بیوی سیمرن کو گلا گھونٹ کر قتل کر دیااور فرار ہو گیا ۔خاتون چار ماہ کی حاملہ تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی بیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ اس کا والد گول روٹیاں نہ بنانے پر اکثر مار پیٹ بھی کرتا تھا ۔ ” میری والدہ اچھی کک تھی مگراس کے باوجود والد چپاتی کے معاملے پر لڑائی جھگڑا کرتا رہتا تھا “۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اپنی بیوی کے پیٹ میں لاتیں ماریں جس سے بے ہوش ہو گئی اور جب بچی نے اپنی والدہ کو بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے اسے کمرے میں بند کر دیا ۔ ہسپتال لیجاتے ہوئے سیمرن کی جان نکل گئی ۔
پولیس کے مطابق دونوں کی شادی 5سال قبل ہوئی تھی جس کے بعد دونوں کے ہاں بچی پیدا ہوئی جبکہ دوسرے بچے کی پیدائش چند ماہ بعد ہونے والی تھی ۔