افغان فوج کیلئے پاکستانی پھل اور گوشت کھانے پر پابندی
کابل (آئی این پی) افغانستان نے ملکی فوج کے کھانے کے لئے پاکستان سے پھل اور گوشت درآمد کرنے پر پابندی عائد کر دی، فوج کے کھانے کی فہرست میں اب ملک میں پیدا ہونے والے پھل سیب اور پولٹری استعمال کریں گے۔
امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق افغانستان کے نائب وزیر دفاع جنرل غلام سخی نے ایک تقریب میں کہا کہ افغان فوج کے کھانے کی فہرست سے پاکستان سے درآمد ہونے والے کیلے، کینو اور گوشت کو خارج کر دیا گیا ہے۔ وہ اس کی بجائے ملک میں پیدا ہونے والے پھل سیب اور پولٹری استعمال کریں گے۔ افغانستان کی وزارت دفاع ہر سال تقریبا پانچ سو ملین افغانی کرنسی اشیائے خوردو نوش کی مد میں صرف کرتی ہے۔
جنرل سخی نے مزید کہا کہ پاکستان سے اب بھینس کا گوشت درآمد نہیں کیا جائے گا۔ اس کی بجائے ہفتے میں تین دن فوجیوں کو مرغی کا گوشت دیا جائے گا اور باقی چار دنوں میں بھیڑ اور گائے کا گوشت استعمال ہو گا جو ملک کے اندر پیدا ہوتا ہے۔