بھارتی فوج کی بڑی اسلحہ ساز فیکٹری دھماکوں سے گونج اٹھی ،20افراد زخمی ، آگ پر قابو پا لیا گیا
جبل پور (ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے جبل پور میں واقع بڑی فوجی اسلحہ ساز فیکٹری میں یکے بعد دیگرے درجنوں دھماکے ،آسمان کو چھوتی آگ نے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے ۔
بھارتی ٹی وی چینل ’’انڈیا ٹی وی ‘‘ کے مطابق جبل پور میں واقع فوجی اسلحہ ساز فیکٹری میں اچانک دھماکہ ہوا جس سے خوفناک آگ بھڑک اٹھی ،آگ پھیلنے سے یکے بعد دیگرے 30سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ، ان دھماکوں اور آگ لگنے سے کم از کم20 افراد زخمی ہوگئے ۔ واقعے کے فوری بعد 50 فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا اور امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا ۔دھماکوں سے اس سیکشن میں بنی 2 فیکٹریاں مکمل طور جل کر خاکستر ہو گئیں،جبل پور کی اس اسلحہ ساز فیکٹری میں بھارتی فوج کے لئے گولہ و بارود تیار کیا جاتا ہے ۔
فیکٹری کے ایف سیکشن میں اچانک دھماکے کے بعد اگ لگ گئی، حادثے کے وقت یہاں بہت زیادہ بارود اکٹھا کرکے رکھا گیا تھا، جس میں 30 سے زیادہ دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں جبکہ وقفے وقفے سے بھی مسلسل دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
جبل پور کے ضلعی کلکٹر چندر مہیش چوہدری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلحہ فیکٹری کے ایف 3 سیکشن میں بھاری مقدار میں کارتوس میں بھرا جانے والا بارود رکھا ہوا تھا، جس میں اچانک دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی , 50ے زیادہ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔
انواضح رہے کہ جبل پور میں دھماکوں سے تباہ ہونے والی یہ وہی اسلحہ ساز فیکٹری ہے جہاں کارگل جنگ کے دوران اسی فیکٹری سے براہ راست بم اور بھاری اسلحہ ایئر لفٹ کرکے کارگل بھیجاگیاتھا۔