ہسپتال میں آدمی کی موت ، گھر والے ہسپتال پہنچے تو لاش کی بجائے ایسی چیز نظر آگئی کہ ہر کسی کا منہ کھلے کا کھلا رہ گیا
نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن )”آپ کے مریض کی موت ہو گئی آکر لاش لے جائیں “ ، ہسپتال سے فون کال آنے پر اہل خانہ لاش لینے پہنچے تو مریض کو زندہ سلامت دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے ۔
”دی ٹائمز آف انڈیا “ کے مطابق 56 سال بھارتی شہری جے نارائن پانڈے کی سانس اچانک بند ہو گئی جس کے بعد اہل خانہ نے اسے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں چند روز زیر علاج رہنے کے بعد مریض تندرست ہو گیا ۔
جے نارائن پانڈے کو تپ دق اور دمہ کے باعث سانس بند ہونے کے بعد ہسپتال لایا گیا تھا جسے چند روز ہسپتال میں زیر علاج رکھنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے ۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق پانڈے تندرست ہونے کے باوجود ہستپال سے جانا نہیں چاہتا تھا، اس نے ایک بے ہوش مریض کو فرش سے اٹھا اور ہسپتال میں بیڈ خالی نہ ہونے کے باعث اپنے بستر پر لیٹاکر خود ہسپتال میں چلنا پھرنا شروع کر دیا ۔ پانڈے کے بستر پر پڑا مریض نامعلوم تھا اور اس کی حالت انتہائی تشویشناک تھی جسے ڈاکٹروں نے دوبارہ فرش پر لیٹا دیا اور اس کے ماتھے پر ایکس 16کا سٹیکر لگا دیا جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ مریض نامعلوم ہے ۔
ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگلے دن مریض کی موت ہو گئی تاہم انتظامیہ کو لگا کہ مرنے والا مریض جے نارائن پانڈے ہے جس کے بعد پانڈے کے اہل خانہ کو اس کی موت کی اطلاع دی گئی مگر جب وہ پھول اور ہار اٹھائے اس کی لاش موصول کرنے ہسپتال پہنچے تو انکا مریض زندہ سلامت بیٹھا دیگر مریضوں کے ساتھ گپیں لگا رہا تھا اور کھانا کھانے میں مصروف تھاجسے دیکھ کر اہل خانہ ہکا بکا رہ گئے ۔