ہم امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے جنگی طیارے گرائیں گے: شمالی کوریا کی دھمکی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) شمالی کوریا کے وزیر خارجہ نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے شمالی کوریا کے خلاف اعلان جنگ کر دیا ہے، پیانگ یانگ بھر پور جوا بی کارروائی کا حق رکھتا ہے اس کے لئے ہم کسی بھی کارروائی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی جنگی طیارے گرائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق شمالی کو ریا کے وزیر خارجہ ری یونگ ہو نے نیو یارک میں صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے خلاف جنگ کا اعلان کر دیا ہے، ہم بھر پور جوا بی کارروائی کا حق رکھتے ہیں،ٹرمپ نے اپنا رویہ نہ بدلا تو ہم امریکا اور اسکے اتحادیوں کے لڑاکا طیارے بھی گرائیں گے حتی کہ وہ شمالی کوریا کی فضائی حدود میں نہ بھی ہوئے، پوری دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ ہمارے ملک کے خلاف جنگ میں پہل امریکا نے کی ہےلیکن اس پہل کے مستقبل قریب میں بہت بھیانک نتائج برآمد ہوں گے جن کی ذمہ داری واشنگٹن پر عائد ہوگی۔