پاکستان بہترین دوست، ملکر کام کرتے رہیں گے: ڈونلڈ ٹرمپ
واشنگٹن (آئی این پی) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پاکستان بہترین دوست ہے، ہر شعبہ میں پاکستان کے ساتھ ملکر کام کرتے رہیں گے۔ امریکہ میں پاکستانی سفیر اعزاز چودھری نے گزشتہ روز وائٹ ہاﺅس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کرکے انہیں اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔
ا س موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمارا بہترین دوست ہے اور ہم ہر شعبہ میں پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔ اعزاز چودھری نے اس موقع پر امریکی صدر کو وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے نیک تمناﺅں کا پیغام دیا جس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایسے جذبات کا اظہار کیا۔
آئی این پی کے مطابق اعزاز چودھری نے امریکی صدر کو پاکستانی قیادت اور عوام کی نیک خواہشات پہنچائیں۔ ملاقات میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاک امریکہ تعلقات اہم نوعیت کے ہیں اور ہم ان میں بہترین کے خواہشمند ہیں۔ اعزاز چودھری نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عوام امریکہ کے ساتھ 7 دہائیوں پر مشتمل دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہشمند ہیں۔