امریکہ کے نائٹ کلب میں فائرنگ کا دوسرا بڑا واقعہ ،ایک شخص ہلاک 14زخمی ،پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا, ملزموں کی تلاش جاری
سنسیناٹی(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست اہائیوکے ایک نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ سے ایک آدمی ہلاک اور15کے قریب زخمی ہو گئے ہیں ،پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،کسی شخص کی گرفتاری کے بارے میں ابھی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔امریکی میڈیا کے مطابق سنسناٹی کے کیلوگ ایونیو میں واقع ’’کیمیونائٹ کلب ‘‘ میں نامعلوم ملزموں کی طرف سے فائرنگ کی گئی جس میں ایک شخص ہلاک اور15زخمی ہو گئے ،نائٹ کلب میں جس وقت فائرنگ کی گئی اس وقت کلب میں 100سے زائد افراد موجود تھے ،تاہم ابھی تک پولیس کی جانب سے حملے کے بارے میں کچھ خاص معلومات نہیں ملیں ۔
امریکی ٹی وی کے مطابق فائرنگ کے کچھ دیر بعد ایک مقامی پولیس افسر کا کہنا تھا کہ کلب میں اس وقت بہت بری حالت ہے اور بہت سے لوگ زخمی ہیں تاہم ابھی تک اس حملے میں کسی دہشت گرد گروپ کے ملوث ہونے کے بارے میں کوئی واضح اشارہ نہیں ملا ۔نائٹ کلب کے قریب موجود عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے کلب کے اندر سے بہت زیادہ فائرنگ کی آوازیں سنی ہیں ۔ مقامی اسسٹنٹ پولیس چیف پال نیوڈگیٹ کے مطابق شدید زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کے خلاف جوابی فائرنگ کے لئے ہمارے لئے بڑی مشکل صورتحال تھی کیونکہ کلب میں بہت سارے متاثرین اور زخمی موجود تھے ،پولیس کی ٹیم نائٹ کلب میں ہونے والی فائرنگ کے حوالے سے مکمل تحقیقات کرے گی۔دوسری طرف پولیس کیپٹن کیمبر لے ولیمز نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت اور انتہائی مشکل ہے کہ حملہ آوروں نے کس سے متاثر ہو کر فائرنگ کا واقعہ سرانجام دیا، حملہ آور اب بھی ہمارے لئے سنگین خطرہ بنے ہوئے ہیں کیونکہ سیکیورٹی فورسز کو ابھی تک حملہ آوروں کے بارے میں کوئی ٹھوس اور پختہ معلومات نہیں ملیں ۔انہوں نے کہا ہمارے لئے یہ بھی مشکل بنی ہوئی ہے کہ موقع پر موجود بہت سارے عینی شاہدین فائرنگ کے اس واقعہ کے بارے میں کچھ بھی بتانے سے کنی کترا رہے ہیں ،جس وقت نائٹ کلب میں فائرنگ ہوئی اس وقت رات ایک بجے کا ٹائم تھا، کلب میں 100سے زائد افراد موجود تھے اور خوب ہلہ گلہ اور شور شرابا ہو رہا تھا ۔انہوں نے کہا کہ اس نائٹ کلب میں پہلے بھی معمولی لڑائی جھگڑے کے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن حالیہ فائرنگ کا واقعہ انتہائی سنگین ہے ۔
’’اے بی سی نیوز‘‘ کے مطابق نائٹ کلب میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد اب تک کسی کو بھی حراست میں نہیں لیا گیا ،جبکہ فائرنگ کی وجہ بھی معلوم نہیں ہو سکی ۔دوسری طرف سنسناٹی محکمہ پولیس کے مطابق بتایا جا رہا ہے کہ فائرنگ کرنے والے 2مسلح شخص تھے ،لیکن ان کے مارے جانے یا گرفتاری کے بارے میں کچھ بھی واضح نہیں ہے ، جبکہ پولیس اس بات کی بھی تحقیقات کر رہی ہے کہ نائٹ کلب میں لگے ہوئے خفیہ کیمرے کام کر رہے ہیں کہ نہیں ؟۔واضح رہے کہ امریکہ کے کسی نائٹ کلب میں ایک سال میں یہ دوسری فائرنگ کی بڑی واردات ہے ،اس سے قبل فلوریڈا میں ’’پلس ایل جی بی ٹی نائٹ کلب ‘‘ میں ہونے والی فائرنگ سے 53افراد ہلاک اور 50سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے ،اس حملے میں دہشت گردوں نے 30افراد کو یرغمال بھی بنا لیا تھا جبکہ حملے کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم ’’داعش ‘‘ نے قبول کی تھی ۔