امریکی اتحادی فوج کا شام میں داعش کی جیل پر بڑا فضائی حملہ ،57 قیدی ہلاک ،درجنوں زخمی ہو گئے
حلب (ڈیلی پاکستان آن لائن )شام میں داعش کے زیر قبضہ ایک قصبے المیادین میں واقع جیل پر امریکی اتحادی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے فضائی حملہ کیا ہے جس میں 57 قیدی ہلاک جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوگئے ہیں،حملے میں عام شہریوں اور دہشت گرد تنظیم کے کئی جنگجوؤں کے مارے جانے کی اطلاع۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے اطلاع دی ہے کہ اس حملے کے بارے میں یقین کیا جاتا ہے کہ یہ امریکا کی قیادت میں اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے کیا ہے جبکہ اتحاد کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔رصد گاہ کے مطابق المیادین میں واقع ایک عمارت پر فضائی بمباری کی گئی تھی اور وہاں موجود 57 قیدی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ داعش کی قیادت اس عمارت کو ایک جیل کے طور پر استعمال کررہی تھی۔دوسری طرف کہا جا رہا ہے کہ امریکی اتحادی فورسز کے اس حملے میں قیدیوں کے ساتھ بڑی تعداد میں عام شہری اور داعش کے کئی جنگجو بھی مارے گئے ہیں ۔