بھارت نے سکھ یاتریوں کی خصوصی ٹرین کو پاکستان آنے سے روک دیا،سکھ یاتریوں کی اٹاری ریلوے سٹیشن پر بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی
اٹاری (اے پی پی)بھارتی ریلوے حکام نے سکھ یاتریوں کی خصوصی ٹرین کو پاکستان آنے سے روک دیا۔ ٹی وی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریلوے حکام نے سکھ یاتریوں کی خصوصی ٹرین کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے جس پر سکھ یاتریوں نے اٹاری ریلوے سٹیشن پر بھارتی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔500 سکھ یاتری مہاراجہ رنجیت سنگھ کی برسی کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آ رہے تھے،پاکستان اور بھارت کے درمیان 1947 کے دوطرفہ پروٹوکول کے تحت سکھ یاتری پاکستان آتے ہیں،جتھا لیڈر اور یاتریوں کا کہنا ہے کہ بھارتی ریلوے اور امیگریشن حکام تعاون نہیں کر رہے،اس سے قبل بھارتی حکام نے 8 جون کو سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے سے روکا تھا بعد ازاں 14 سکھ یاتری پیدل پاکستان آئے تھے جنہیں تمام سہولیات مہیا کی گئی تھیں،ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی جانب سے سکھ یاتریوں کو پاکستان جانے سے روکنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔