ڈونلڈ ٹرمپ نے دنیا کے طاقتور ترین رہنماﺅں کے سامنے ایسا کام کر دیا جو نواز شریف کو آتا ہوتا تو ان کی مشکلات آدھی رہ جاتیں
برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ اقتدار میں آنے سے پہلے سے لے کر آج تک ہر غلط وجہ سے عالمی میڈیا کی زینت بنتے آ رہے ہیں۔ کئی بار ان کا مصافحہ کرتے ہوئے دوسروں کے ہاتھ کو زور کا جھٹکا دینا اور اپنی طرف کھینچنا ان کی تضحیک کا باعث بن چکا ہے، مگر لگتا ہے کہ ڈونلڈٹرمپ اس طرح کی باتوں سے بے نیاز ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ گزشتہ دنوں نیٹو اتحاد کے رکن ممالک کے رہنماﺅں کے ساتھ گروپ فوٹو بنواتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر ایسی ہی حرکت کر دی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق گروپ فوٹو بنوانے کے لیے جب رہنماءاکٹھے ہو رہے تھے تو ڈونلڈٹرمپ نے ان سب سے آگے اپنی جگہ بنانے کے لیے مونٹی نیگرو کے وزیراعظم ڈوسکو مارکوویک کو کندھے سے پکڑ کر ایک طرف دھکیل دیا اور خود ان کی جگہ آ کر کھڑے ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق نیٹوممالک کے سربراہان کی یہ ملاقات بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں نیٹو کے ہیڈکوارٹر ز میں ہوئی۔ مونٹی نیگرو تاحال نیٹو کا رکن نہیں ہے تاہم اس کی رکنیت کی منظوری ہو چکی ہے اور 5جون سے وہ باقاعدہ نیٹوکا رکن بن جائے گا۔ اجلاس کے بعد 31ممالک کے سربراہان اس گروپ فوٹو کے لیے جمع ہوئے تھے جہاں ڈونلڈٹرمپ نے یہ مضحکہ خیز حرکت کر دی جو عالمی میڈیا میں ایک بار پھر ان کی سبکی کا باعث بن رہی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل دورہ¿ سعودی عرب سے واپسی پر اسرائیل اور پھر اٹلی میں میلانیہ ٹرمپ اپنے شوہرنامدار ڈونلڈٹرمپ کا ہاتھ جھٹک کر ان کے لیے سبکی کا سامان کر چکی ہیں۔