وائٹ ہاﺅس کی معمولی سی غلطی لگسمبرگ کے شوہر اول کو دنیا بھر میں مشہور کر گئی
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) کسی جگہ پر ایک سے زیادہ ملکوں کے سربراہان مملکت اکٹھے ہوتے ہیں تو یہ روایت ہے کہ ان کی گروپ فوٹوز لی جاتی ہیں جبکہ اس موقع پر خواتین اول کی علیحدہ سے بھی گروپ تصاویر لی جاتی ہیں۔ ایسی ہی ایک تصویر جو آج کل دنیا بھر میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے وہ جی سیون سربراہ اجلاس میں شامل بیگمات اول کی ہے ۔ اس تصویر میں یورپی ملک لگسمبرگ کے شوہر اول سب کی توجہ کا خصوصی مرکز بنے ہوئے ہیں۔
اٹلی میں 26 اور 27 مئی کو جی سیون سربراہی اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیم کے نمائندہ ممالک نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکا کی ہزاروں تصاویر اتاری گئیں لیکن خواتین اول کی یہ تصویر سب کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔امریکی صدارتی محل وائٹ ہاﺅس نے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر خواتین اول کی تصویر اپ لوڈ کی اوراس میں موجود تمام بیگمات کے نام درج کیے لیکن وائٹ ہاﺅس کے ذمہ داران لگسمبرگ کے وزیر اعظم کے شوہر کو پہچاننے میں ناکام ہوگئے جس کی وجہ سے وائٹ ہاﺅس کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔ عوامی تنقید کے بعد وائٹ ہاﺅس نے اپنی غلطی درست کرلی تاہم جو لوگ لگسمبرگ کے وزیر اعظم کے شوہر سے واقف نہیں تھے اب انہیں بھی ان کی خوب پہچان ہوگئی ہے۔
اس تصویر میں امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ، ترک خاتون اول آمنہ اردگان، بیلجیئم کی ملکہ میتھلڈے، آئس لینڈ کی تھورا مارگریٹ ، فرانس کی خاتون اول بریجیٹ ، سلوانیا کی موجکا سٹروپنک، بلغاریہ کی ڈی سلوا راڈیوا، بیلجیئم کی خاتون اول امل دیربادرنگھیم، ناروے کی انگرڈ شلرڈ اور لگسمبرگ کے شوہر اول گوتھیئر ڈیسٹینی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ لگسمبرگ کے وزیر اعظم زاویر بیٹل ہم جنس پرست ہیں اور وہ دنیا کے پہلے سربراہ مملکت ہیں جنہوں نے ایک مرد سے شادی کر رکھی ہے۔ انہوں نے اپنے ہم وطن گوتھیئر ڈیسٹینی سے 2015 میں شادی کی تھی ، اس سے قبل بیلجیئم کے سابق وزیر اعظم بھی علی الاعلان ہم جنس پرست ہونے کا اعتراف کرتے تھے تاہم انہوں نے کسی مرد سے شادی نہیں کی تھی۔