استنبول کے اتا ترک ایئرپورٹ پر یکے بعد دیگرے تین خود کش حملے ، 41فراد جاں بحق،239زخمی ، پروازیں بحال

استنبول کے اتا ترک ایئرپورٹ پر یکے بعد دیگرے تین خود کش حملے ، 41فراد جاں ...
استنبول کے اتا ترک ایئرپورٹ پر یکے بعد دیگرے تین خود کش حملے ، 41فراد جاں بحق،239زخمی ، پروازیں بحال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک)ترکی کے شہر استنبول کے اتاترک انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر یکے بعد دیگرے تین  خود کش حملوں میں 41افراد جاں بحق اور 239 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے ، دوسری طرف ریسکیو کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے کھول دیاگیا جبکہ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم ترک میڈیا نے پولیس ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں داعش کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق تین خود حملہ آور وں نے ایئرپورٹ کے انٹرنیشنل ٹرمینل کی سیکیورٹی چیک پوسٹ پر  اندھا دھند فائرنگ کردی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آورزخمی ہوگیا، ایک حملہ آور کے زخمی ہونے کے بعد تینوں حملہ آوروں نے یکے بعد دیگرے اپنے آپ کو بارودی مواد سے اڑا لیا اور یوں وہ ایئرپورٹ میں داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔

ترک حکام کے مطابق متاثر ہونیوالے افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کردیاگیاجہاں زیادہ ترزخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہےاور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے ، زخمی اور مرنیوالوں میں زیادہ تعداد ترک شہریوں کی ہے ۔ترک گورنر کے مطابق اب تک 13 غیرملکیوں سمیت 41 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 239 افراد مختلف ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں ۔

دھماکوں کے باعث ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن معطل کرکے تمام مسافروں کو ہوٹلوں میں منتقل کردیاگیا تاہم ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ٹرمینل کو پروازوں کے لیے کھول دیاگیا۔

ترکی میں ہونیوالے ان دھماکوں کی وزیرپاکستان نوازشریف اور امریکی صدر سمیت کئی عالمی رہنماؤں نے مذمت کی ۔