یمن میں سعودی عرب کی فضائی کارروائی ، محسورپاکستانیوں نے ایئرپورٹ پر ڈیرے ڈال لیے ،پاکستان سے پہلا طیارہ یمن روانہ

یمن میں سعودی عرب کی فضائی کارروائی ، محسورپاکستانیوں نے ایئرپورٹ پر ڈیرے ...
یمن میں سعودی عرب کی فضائی کارروائی ، محسورپاکستانیوں نے ایئرپورٹ پر ڈیرے ڈال لیے ،پاکستان سے پہلا طیارہ یمن روانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد، صنعاء(مانیٹرنگ ڈیسک)یمن میں امن وامان کی ابتر صورتحال اور بمبوں کی گھن گرج میں تین ہزار پاکستانی شہری بھی محسور ہوکر رہ گئے ہیں جو اپنا مال وہیں چھوڑ کر بحفاظت ملک سے واپسی کے منتظر ہیں ، یمن میں موجود پاکستانی سفیر نے اپنا موقف دینے سے گریز کیاتاہم وہاں موجود پاکستانی شہری پرویز حسین نے بتایاکہ گذشتہ شب ایئرپورٹ کے اطراف میں بھی بمباری ہوئی ہے ، مختلف حصوں سے شہری رجسٹریشن کیلئے پہنچ رہے ہیں اور پہلی ترجیح دوسرے شہروں سے آئی فیملیزاور خواتین کو دی جارہی ہے جبکہ پہلی پرواز کے ذریعے ملک واپسی کے منتظرافراد کی رجسٹریشن جاری ہے جبکہ پہلی خصوصی پرواز پی کے 7001یمن روانہ ہوگئی جو الحدید ایئرپورٹ کے قریب ریڈسی پر لینڈ کرے گی ۔
تفصیلات کے مطابق یمن کے مختلف علاقوں میں تین ہزار پاکستانی موجود ہیں جن میں سے ایک ہزار افرادیمن کے شورش زدہ علاقوں میں رہائش پذیر اور وطن واپس کے منتظر ہیں ، پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں سے 600 افراد پر مشتمل پہلا قافلہ حدیدہ پہنچ گیا جنہیں راستے میں باغیوں کا بھی سامنا کرناپڑاتاہم اعلیٰ سطحی رابطوں کے بعد بحفاظت وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے ۔
یمن میں پاکستان کے سفیر عرفان شامی بھی ایئرپورٹ پر موجود ہیں تاہم اُنہوں نے موقف دینے سے انکار کردیا ۔ ایک پاکستانی شہری پرویز حسین نے جیونیوز کو بتایاکہ گذشتہ رات ایئرپورٹ کے علاقے میں بھی بمباری ہوئی ، مختلف شہروں سے پاکستانی شہری رجسٹریشن کے لیے پہنچ رہے ہیں اور آخری اطلاعات تک پہلے طیارے کے ذریعے واپس وطن روانہ ہونیوالی خواتین اور دوسرے شہروں سے آئی پاکستانی فیملیز کی رجسٹریشن جاری ہے ۔ اُنہوں نے بتایاکہ حدیدہ شہر میں دکانیں کھلی ہیں اور 70فیصد معاملات زندگی رواں دواں ہیں ۔
وزیراعظم کے مشیربرائے ہوابازی شجاعت عظیم نے بتایاکہ سعودی ایوی ایشن حکام کی جانب سے کلیئرنس مل گئی ہے اور طیارہ یمن میں لینڈ کرے گا، پہلی پرواز میں پانچ سو چار مسافروں کو لایاجائے گا۔ اُنہوں نے بتایاکہ وزیراعظم کی ہدایت پرپی آئی اے نے دوجمبورطیاروں کا انتظام کیاہے تاہم طیارے نے 10بجے روانہ ہوناتھاجو بعض انتظامی معاملات کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگیا۔
 پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لئے کراچی ایئرپورٹ پر قومی ایئرلائن کے دو طیارے مخصوص کردیئے گئے ہیں جن میں سے پہلی خصوصی پرواز پی کے 7001 حدیدہ روانہ ہوگئی ہے اور اس میں عملے کے 21ارکان شامل ہیں جبکہ شورش زدہ علاقے میں موجود پاکستانی مسافروں کے لیے کھانے پینے کا سامان بھی رکھاگیاہے ۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق جمبو 747کے بعد ایئربس 310روانہ ہوگی جس کا مقصد ایک ہی وقت میں زیادہ سے زیادہ مسافروں کا انخلاءہے ۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک بحریہ کے دو جہاز یمن سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے بحیرہ احمر پہنچ رہے ہیں۔