ایان علی کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ ، ایف بی آر بھی متحرک ، نادرا سے رابطہ کرلیا

ایان علی کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ ، ایف بی آر بھی متحرک ...
ایان علی کا ضمانت کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ ، ایف بی آر بھی متحرک ، نادرا سے رابطہ کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کرنسی سملنگ کیس میں رنگے ہاتھوں پکڑی جانیوالی ماڈل ایان علی نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ دوسری طرف ایف بی آر نے ایان علی کے بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات کیلئے نادرااور دیگر اداروں سے مدد مانگ لی ہے اور ماڈل کو دی گئی ایک ماہ کی مہلت بھی چار جولائی کو ختم ہورہی ہے ۔
ماڈل کے قریبی ذرائع نے بتایاکہ ایان علی نے بار بار کی ناکامی کے بعد اب کی بار ضمانت کے لیے حتمی پلیٹ فارم یعنی سپریم کورٹ سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کرلیاہے اور اس سلسلے میں ماڈل کے وکلاءنے تیاری شروع کردی ہے اور امکان ہے کہ رواں ہفتے ہی سپریم کورٹ میں درخواست ضمانت دائرکردی جائے گی ۔ یادرہے کہ اس سے قبل ماڈل نے ٹرائل کورٹ اور ہائیکورٹ سے رابطہ کیاتھا لیکن استغاثہ کی مخالفت کی وجہ سے اُنہیں کامیابی نہ ہوسکی ۔
دوسری طرف ایف بی آر نے ماڈل ایان علی کے دیگر بنک اکاﺅنٹس کی چھان بین شروع کردی ہے۔ آر ٹی او کراچی نے نادرا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے معاونت مانگ لی ہے۔ ایف بی آر انٹیلی جنس ونگ نے نادرا کو لکھے گئے خط میں ماڈل ایان علی کے شناختی کارڈ پر کھولے گئے بنک اکاﺅنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ کرنسی سمگلنگ میں ملوث ماڈل ایان علی ہے بنک اکاﺅنٹس کی چھان بین میں ایف بی آر کی مدد کریں۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ماڈل ایان علی کو انکم ٹیکس جمع کرانے کے لئے دیا جانیوالا ایک ماہ کا وقت چار جولائی کو ختم ہوجائے گا، ایان علی کے خلاف چار جولائی کے بعد ایک کروڑ 88لاکھ روپے کا ٹیکس ادا نہ کرنے پر مزید کاروائی کی جائے گی۔