چپکے سے ایم کیوایم کا نیا آئین الیکشن کمیشن میں جمع، فاروق ستار مکمل بااختیار ہیں: ڈاکٹر شاہد مسعود

اسلام آباد

اسلام آباد (ویب ڈیسک) فاروق ستار نے 14 اکتوبر کو خاموشی سے الیکشن کمیشن میں ایم کیو ایم کا نیا آئین جمع کرایا جس کا  رابطہ کمیٹی کو چند روز قبل پتہ چلا، نواز شریف، زرداری اور متحدہ لندن فاروق ستار کے ساتھ آن بورڈ ہیں۔ روزنامہ خبریں کے مطابق یہ انکشاف سینئر تجزیہ کار شاہد مسعود نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کئے۔

انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کے خاموشی سے جمع کرائے آئین کے مطابق وہ مکمل  بااختیار ہیں، جب چاہیں جس کو چاہیں رابطہ کمیٹی سے نکال سکتے ہیں۔ رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کو اکیلے ہی ویٹو کرسکتے ہیں، فیصلہ تبدیل کرسکتے ہیں، ایسے اختیارات بانی متحدہ کے پاس بھی نہیں تھے۔ نواز، زرداری اور متحدہ لندن اس سارے معاملہ میں موجود ہے، سعد رفیق نے اسی لئے فاروق ستار سے رابطہ کیا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نواز شریف آئینی اور قانونی طور پر سیاست سے آﺅٹ ہوچکے ہیں، جس کے باعث سخت غصہ میں ہیں، انہیں تین چار بار پریس کانفرنس سے روک دیا گیا، اب مزاحمت کرنے کا پروگرام ہے، عدالت نے بانی متحدہ کی میڈیا تصاویر تقاریر پر پابندی لگادی تھی۔ نوازشریف پر بھی ایسی ہی پابندی لگ سکتی ہے۔ چیئرمین نیب کی کھلی کچہری لگانے کے اعلان نے نیب میں موجود دو نمبر لوگوں کی نیندیں اڑادی ہیں، حدیبیہ کیس کھل گیا جس میں پورا شریف خاندان لپیٹ میں آئے گا۔