پی آئی اے کے 3پائلٹس کو پرواز کے دوران ضابطہ اخلاق میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے 3پائلٹس کو ضابطہ اخلاق میں غفلت برتنے پر معطل کر دیا گیا ۔ان میں سے ایک پائلٹ پرواز کے دوران بزنس کلاس میں نیند کے مزے لیتا رہا۔
ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) نے پی آئی اے کے 3پائلٹس کیپٹن انور عادل، عامر ہاشمی اور فرسٹ آفیسر عدیل جاوید کے لائسنسز معطل کر دیے ہیں۔جہاز میں سیٹوں کی عدم دستیابی کے باوجود کیپٹن انور عادل نے مسافروں کوجہاز میں داخلے کی اجازت دی۔جبکہ کیپٹن عامر ہاشمی پرواز کے دوران بزنس کلاس میں سوتے رہے۔ رواں برس کے اوائل میں پی آئی اے کی کراچی سے مدینہ پرواز کے دوران 7افراد کو کھڑا کر کے لے جا یا گیا جبکہ انہوں نے سیٹوں کا معاوضہ بھی ادا کیا تھا۔ایئر لائن نے پہلے ہی سے مکمل پرواز میں قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور مسافروں کو بٹھا لیا جنہیں 4گھنٹے کی مکمل پرواز کھڑے ہو کر طے کر نا پڑی۔
واضح رہے چند ماہ قبل برطانوی حکام نے ہیتھرو ایئر پورٹ پر پی آئی اے کی پرواز میں سے ہیروئن بر آمد کی تھی۔لاجواب پروازکے باکمال لوگ ایسی غفلتیں اکثر وبیشتر کرتے رہتے ہیں۔