فہد ملک کی پوسٹمارٹم رپورٹ آگئی ،دائیں گال پر لگنے والی گولی موت کا سبب بنی ،مقدمہ درج نہ ہو سکا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کے بھانجے فہد ملک کے قتل کا مقدمہ اب تک درج نہیں ہوسکا ، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فہد ملک کو چار گولیاں لگیں، دائیں گال پر لگنے والی گولی موت کی وجہ بنی۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق غفلت برتنے پر ایس ایچ او تھانا شالیمار کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
۔واضح رہے کہ اتواراور پیر کی درمیانی رات اسلام آباد کے علاقے ایف الیون میں ملک طارق کے بچوں کا راجا ارشد کے ساتھ کافی شاپ پر کسی بات پہ جھگڑا ہوگیا،پولیس دونوں پارٹیوں کوشالیمارپولیس سٹیشن لے آئی جہاں ملک طارق اور فہدملک بھی پہنچ گئے، راجا ارشد اوران دونوں کے درمیان تکراراوربعد میں صلح ہوگئی۔پولیس اسٹیشن سے نکلنے پرایف ٹین تھری میں راجا ارشد نے ساتھیوں کے ہمراہ ملک طارق اوربیرسٹرملک فہد کاراستہ روک لیا تودونوں پارٹیوں کے درمیان پہلے تکرار اور پھر فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔دس منٹ بعد بیرسٹر فہد نے اپنی گاڑی موقع سے لے جانے کی کوشش کی تو اس پر خود کار گن سے فائرنگ سے فہد ملک زخمی ہو گئے اورہسپتال پہنچ کردم توڑ دیا ۔پولیس کے مطابق ابھی تک اس کیس کی ایف آئی آر درج نہیں ہوسکی۔ایس ایس پی آپریشنز ساجد کیانی نے معاملے میں غفلت برتنے پر ایس ایچ اوتھانہ شالیمار ذوالفقار کو معطل کر دیا۔پمز کے ڈاکٹرز نے فہد ملک کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا جس کے بعد لاش کو پولی کلینک ہسپتال کے سرد خانے بھجوا دیا گیا۔ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق فہد ملک کے جسم پر چار گولیاں لگیں، داہنے گال پر لگنے والی گولی سر سے نکل گئی جو موت کی وجہ بنی۔فہد ملک کی گردن اور سینے کی پیچھے بھی گولیاں لگیں، پوسٹمارٹم رپورٹ کل تیار کرکے پولیس کے حوالے کی جائے گی۔