جے آئی ٹی نے شہباز شریف کے خلاف 9صفحات پر مشتمل نا قابل تردید نا اہلی کے ثبوت فراہم کیے:بابر اعوان

اسلام آباد

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ پاناما کیس جے آئی ٹی نے شہباز شریف کے خلاف 9صفحات پر مشتمل نا قابل تردید نا اہلی کے ثبوت فراہم کیے ہیں ،اس لیے اب صرف گارڈ فادر ون ہی نہیں بلکہ گارڈ فادر ٹو بھی نا اہلی کی زد میں ہیں ۔
پاناما کیس سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت شہباز شریف بھی نا اہلی کی زد میں آچکے ہیں،اب یہ فیصلہ دونوں بھائیوں نے کرنا ہے کہ کون زیادہ بڑا جھوٹا ،منی لانڈر اور کرپشن کا پیسہ کمانے والا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میں نے جے آئی ٹی کی ساری رپورٹ پڑھی ہے جس میں 9صفحات پر مشتمل شہباز شریف کے خلاف نا قابل تردید نا اہلی کے ثبوت عدالت عظمیٰ کو دئیے گئے ہیں ۔بابر اعوان نے کہا کہ سپریم کورٹ کہہ چکی ہے کہ شہباز شریف جے آئی ٹی کے سامنے ایسے پیش ہوئے جیسے پولیس کے سامنے ،وزیراعلیٰ پنجاب کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ یہ کوئی تھانہ گڑھی شاہو کا ایس ایچ او نہیں بلکہ سپریم کورٹ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی تھی۔
مزید خبریں :گزشتہ رات کچھ لوگوں میں اسلحہ ،ڈنڈے اور پیسے بانٹے گئے :بابر اعوان