پیمرا نے ’نیوز ون‘ کے پروگرام ’عشق رمضان اور’ آج نیوز‘ کے پروگرام ’ رمضان ہمارا ایمان‘پر پابندی لگا دی

پیمرا نے ’نیوز ون‘ کے پروگرام ’عشق رمضان اور’ آج نیوز‘ کے پروگرام ’ رمضان ...
پیمرا نے ’نیوز ون‘ کے پروگرام ’عشق رمضان اور’ آج نیوز‘ کے پروگرام ’ رمضان ہمارا ایمان‘پر پابندی لگا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پیمرانے صورتحال کو مزید خرابی سے بچانے کے لیے اور ناظرین کی دل آزاری اور شکایات کے پیشِ نظر، پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت ’ٹی وی ون‘ کے پروگرام ’’عشقِ رمضان‘‘ (میزبان شبیر ابو طالب ) اور’ آج نیوز‘ کے پروگرام ’’ رمضان ہمارا ایمان‘‘ ( میزبان حمزہ علی عباسی) پر فوری طور پر پابندی لگا دی۔رمضان ٹرانسمیشن کے دوران ان دونوں پروگرامز میں پیمرا ہدایات کو نظر انداز کیا گیا اور متنازعہ اور غیر ضروری بحث کو چھیڑ کر ملک کے مذہبی حلقوں میں اشتعال پھیلایا گیا ، اس پروگرام کے نشرہونے کے بعدان دونوں نجی  ٹی وی چینلز کی رمضان ٹرانسمشنز کے خلاف پیمرا کو صرف چار دنوں میں  1133 شکایات موصول ہوئیں، ان شکایات میں رمضان نشریات کی آ ڑمیں صرف ریٹنگ کے لیے مبارک مہینے کے تقدس کو پامال کیے جانے ، متنازعہ، فرقہ وارانہ اور متشددانہ گفتگو کے نشر ہونے پر سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔

پیمرا کی واضح ہدایات کے باوجود، بدقسمتی سے ،ٹی وی چینل مالکان ، اینکر، خوا تین و حضرات اور اُن کے شرکائے گفتگو غیر سنجیدگی اور غیر ذمہ داری کی تمام حدود کو پامال کرتے ہوئےپارلیمنٹ کے متفقہ فیصلوں پر بے موقع گفتگو اور جواباًایسی گفتگو کرنے والوں کے خلاف عدالت لگا کر قتل و غارت کے فتوے نشر ہونے لگے۔صورتحال کو مزید خرابی سے بچانے کے لیے اور ناظرین کی دل آزاری اور شکایات کے پیشِ نظر، پیمرا آرڈیننس 2002 کے سیکشن 27 کے تحت ’ٹی وی ون‘ کے پروگرام ’’عشقِ رمضان‘‘ (میزبان شبیر ابو طالب ) اور’ آج نیوز‘ کے پروگرام ’’ رمضان ہمارا ایمان‘‘ ( میزبان حمزہ علی عباسی) پر فوری طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔پیمرا نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ 

’ٹی وی ون‘ اور ’آج نیوز‘، پیمرا کے اس فیصلے پر عمل کو مورخہ 17جون 2016ء ؁ شام سات بجے تک یقینی بنائیں۔ فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں ٹی وی چینلز کی نشریات بند کر دی جائیں گی۔ اس بارے میں احکامات متعلقہ ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کو جاری کر دئیے گئے ہیں۔دونوں پروگراموں کے میزبان شبیر ابو طالب، حمزہ علی عباسی اور ایک شریکِ گفتگو کوکب نورانی اوکاڑوی نے اگر کسی اور ٹی وی چینل پر اس موضوع پر یا کوئی اور ایسی متنازعہ گفتگو کی تو اُس چینل کے اُس پروگرام کو بھی فوری طور پر بند کر دیاجائے گا۔پیمرانے فوری طور پر یہ کیس شکایات کونسل کراچی کو بھجوا دیا ہے جو 20جون 2016ء ؁ بروز سوموار، دن 11بجے تمام فریقین کو سُن کر فیصلہ دے گی ۔اس سلسلے میں تمام فریقین کو سمن جاری کر دیے گئے ہیں۔مذکورہ چینلز پر شکایات کونسل کے فیصلے کے آنے تک اپنی رمضان ٹرانسمشن کسی بھی اور اینکر کے ساتھ پیمرا کے ضابطہ اخلاق کے مطابق چلانے پر کوئی پابندی نہیں ہو گی۔تمام ٹی وی چینلز کو ایک بار پھر متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ رمضان نشریات میں ضابطہ اخلاق کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ خلاف ورزی کی صورت میں فوری تادیبی کاروائی کی جائے گی۔

مزید :

اسلام آباد -