ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا،منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت اورریکارڈ مدت میں تکمیل ہمارا جرم ہے تو اس کیلئے ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں, شہباز شریف

ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا،منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت اورریکارڈ مدت میں ...
ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنا،منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت اورریکارڈ مدت میں تکمیل ہمارا جرم ہے تو اس کیلئے ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں, شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام افراتفری اور انتشار نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں اوراس وقت جب ملک تیزی سے ترقی کررہا ہے تو سیاسی تماشا لگانے والوں کے عزائم کسی سے ڈھکے چھپے نہیں، ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی قیمت پر تماشا لگانے والوں کو قوم پر رحم کرنا چاہیے،اپنے صوبے میں بدترین کارکردگی دکھانے والے صرف جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کر رہے ہیں اورجھوٹ کو ہر قدم پر ندامت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور سچ ہر موقع پر سرخرو ہوا ہے،نیازی صاحب پاکستان میں انتشار ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کے بانی ہیں اور ان کی تمام تر سیاست دشنام طرازی اور جھوٹ پر مبنی ہے ،بیان دے کر تردید کرنا اور بات کہہ کے پیچھے ہٹ جانا جھوٹ بولنے کے ماہر ان سیاستدان کا شیوہ ہے، منفی سیاست کے علمبرداروں کو 2013 کے عام انتخابات کے بعد ہر موقع پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور شکست خوردہ عناصر کی بیمار ذہنیت قوم کے سامنے عیاں ہوچکی ہے، مخلص اور خدمت خلق سے سرشار قیادت پر بے بنیاد الزامات کی بوچھاڑ کرنے والوں کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، یہ عناصر ہوس اقتدار میں ملک کی ترقی کا سفر خراب کرنے کے درپے ہیں، پاکستان کو معاشی ترقی سے محروم کرنے کی سازشیں کرنے والے اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوسکتے،وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کرکے نئے رجحان کی داغ بیل ڈالی ہے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار پھر محاذآرائی کی کوشش کرنے والے عوام کی ترقی پر حملہ آور ہیں۔ منفی حربوں کے ذریعے ان کا حصول اقتدار کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنا ہمارا جرم ہے تو اس کے لئے ہر سزا بھگتنے کو تیار ہیں۔ منصوبوں میں اربوں روپے کی بے مثال بچت کرنا ہمارا قصور ہے تو بھی ہر سزا کیلئے تیار ہیں۔ توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل ہمارا گناہ ہے تو اس کیلئے بھی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔ مخالفین جتنا چاہیں چیختے چلاتے رہیں ، عوام کی خدمت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اورعوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ محب وطن اور دیانتدار قیادت پربے بنیاد الزامات لگانے والے عوام کے ووٹ کی حرمت کو پامال نہ کریں،انتہائی افسوسناک امر ہے کہ کرپشن او ربدعنوانی کی داستانیں رقم کرنے والے بھی احتساب کا شور مچا رہے ہیں۔جھوٹ کے مصنوعی سہارے کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے اور اسے ہر قیمت پرپورا کریں گے اور پاکستان کے با شعور عوام ملک کو آگے بڑھنے سے روکنے والوں کو اپنے عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ترقی کے سفر کو متاثر کرنے والوں سے پاکستان کے عوام حساب لیں گے۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے اراکین قومی اسمبلی میں محسن شاہنواز رانجھا، طاہر بشیر چیمہ اور محمداصغر شامل تھے۔

مزید :

اسلام آباد -