ناہید خان نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی

اسلام آباد

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی پرسنل سیکریٹری ناہید خان پاکستان پیپلز پارٹی کی رجسٹریشن کے حوالے سے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔

اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل بیرسٹر افتخار گیلانی کے توسط سے دائرکی گئی ہے۔اپیل میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی(پی پی پی)کا آصف علی زرداری سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین (فورپی) جس کا نشان تیر ہے آصف علی زرداری کے نام پر رجسٹرڈ ہے اورتلوار کے نشان والی ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کے وارث اس کے جیالے ہیں۔اپیل میں موقف اپنایا گیاہے کہ پیپلزپارٹی(پی پی پی )کی لطیف کھوسہ کے نام پر رجسٹریشن رجسٹریشن غیر قانونی ہے۔کیونکہ قانونی طورپرگورنر کے عہدے سے ریٹائرمنٹ کے دو سال تک کسی کے نام پر سیاسی جماعت رجسٹر نہیں ہو سکتی۔

درخواست میں کہاگیاہے کہ جس وقت ناہید خان نے تھری پی ان کے نام رجسٹر کرنے کی درخواست دی اس وقت یہ پارٹی کسی کے نام پر رجسٹر نہیں تھی۔تاہم الیکشن کمیشن نے لطیف کھوسہ کے نام پر رجسٹرکرلی جبکہ ناہید خان درخواست کی سماعت کے دوران اسلام آبادہائی کورٹ نے حقائق مد نظر نہیں رکھے۔عدالت عظمی سے استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کرپی پی پی ناہید خان کے نام پر رجسٹر کرنے کا حکم دیا جائے۔