سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ طلب کرلی
اسلام آباد(ما نیٹرنگ ڈیسک )سپریم کورٹ نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق رپورٹ ایک ماہ میں جمع کرانے کی ہدایت جاری کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی 3 رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت سندھ اور وفاق کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ حلقہ بندیوں سے متعلق قانون سازی کا بل پیر کو اسمبلیوں میں پیش کیا جائے گا جس کی منظوری کے بعد حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دیا جائے گا۔ اس موقع پر الیکشن کمیشن کے وکیل کا کہنا تھا کہ صوبوں کی حلقہ بندیاں 45 روز میں کرانا ممکن نہیں ہے اس لئے عدالت پہلے الیکشن کمیشن کی درخواست پر سماعت کرے تاہم عدالت نے حکم دیا کہ الیکشن کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات سے متعلق اقدامات کر کے رپورٹ ایک ماہ میں جمع کرائیں۔