پاک برطانیہ تعلقات کے سترسال ، یاسرمحمود نے برطانوی ہائی کمیشن کا فوٹوگرافی مقابلہ جیت لیا

اسلام آباد

اسلام آباد(ویب ڈیسک) پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے 70سال پورے ہونے کی خوشی میں برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد میں ہونیوالا فوٹوگرافی مقابلہ یاسرمحمود نے جیت لیا۔فروری سے شروع ہونیوالے مقابلے میں زبردست دلچسپی دیکھی گئی اور دونوں ممالک سے پیشہ ورفوٹوگرافروں سمیت مختلف لوگوں کی 400سے زائد اعلیٰ کوالٹی کی تصاویر موصول ہوئیں ، یہ مقابلہ جیتنے پر یاسر محمود کو فوٹوگرافی کیلئے بہترین کیمرہ بطورانعام دیاجائے گا۔
تصاویر کا جائزہ لینے اور فیصلہ کرنیوالے ججوں کے پینل میں پاکستان میں برطانیہ کے کنٹری ڈائریکٹرروزمیری ہلہورٹ ، پاکستان ٹیلی ویژن کے سینئر فوٹوگرافر اور اسسٹنٹ کریئیٹو اظہرحفیظاور فوٹو جرنلسٹ سارہ فرید شامل تھیں۔
برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو کاکہناتھاکہ ’تصاویر بھیجنے پر میں ہر ایک شخص کاشکرگزار ہوں، معیار بہت اعلیٰ تھا، یہ فیصلہ کرنا بہت مشکل تھا کہ کس تصویر نے ہمارے تھیم ’ شیئرڈ ہسٹری اینڈ شیئرڈ فیوچر‘ کی بہترین عکاسی کی ، ہم سال بھر مزید تقاریب اور مقابلوں کا انعقاد کرتے رہیں گے‘۔
مقابلہ جیتنے والے یاسرمحمود کا کہناتھاکہ ’میں برطانوی ہائی کمیشن کی سترسالگرہ پر فوٹوگرافی مقابلہ جیتنے پرخوش ہوں ، میں نے اپنے فوٹو میں ان بچوں کو جگہ دی جو پاکستان کا مستقبل ہیں اور ہمارے تعلیمی نظام کیلئے برطانیہ کی امداد سے مستفید ہورہے ہیں، مجھے اس بات پر بھی خوشی ہے کہ یہ فوٹوگراف پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی سترسالگرہ پر وسیع پیمانے پر استعمال ہوگا۔
یہ فوٹوگراف آئندہ ہفتے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کے موقع پر پاکستان میں نمائش کیلئے پیش کیاجائے گا اور بعدازاں پاکستان اور برطانیہ میں فوٹوگرافی کی نمائش میں بھی رکھاجائے گا۔ یہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کے سترسالوں پر محیط سپیشل فوٹوگرافی بک میں بھی شائع کیاجائے گا۔
دوسرے نمبر عابد مرزا رہے اور ان کا فوٹوگراف بھی سالگرہ کے موقع پراور پھر نمائشوں میں دونوں ممالک میں رکھاجائے گا، دیگر فوٹوگراف برطانوی ہائی کمیشن کے حوالے کردیئے گئے ہیں جو سوشل میڈیا پیجز کیلئے استعمال ہوں گے ۔

روزنامہ پاکستان کی ویب سائٹ پر ہی برطانیہ کی خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔